جامعات کی عالمی درجہ بندی کرنے والے ادارے کیو ایس نے سال 2027 کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کی 18 جامعات کو دنیا کے 1504 اعلیٰ تعلیمی اداروں میں شامل کیا گیا ہے۔
تازہ درجہ بندی کے مطابق پاکستان کی کوئی بھی جامعہ دنیا کی 350 بہترین جامعات میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکی، جبکہ چند نمایاں جامعات کی پوزیشن گزشتہ سال کے مقابلے میں مزید نیچے چلی گئی ہے۔
درجہ بندی کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی گزشتہ سال 354 ویں نمبر پر تھی، جو اب 381 ویں نمبر پر آ گئی ہے۔ اسی طرح قومی جامعہ برائے سائنس و ٹیکنالوجی 371 ویں نمبر سے تنزلی کے بعد 384 ویں نمبر پر پہنچ گئی۔
پاکستانی جامعات میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز نے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے 721 ویں نمبر سے ترقی کر کے 560 ویں پوزیشن حاصل کی۔
جامعہ پنجاب 542 ویں نمبر سے 588 ویں، جبکہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز 555 ویں نمبر سے 608 ویں پوزیشن پر آ گئی۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد 629 ویں، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد 639 ویں اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد 691 ویں نمبر پر رہی۔
جامعہ انجینئرنگ و ٹیکنالوجی لاہور 791 ویں نمبر پر رہی، جبکہ آغا خان یونیورسٹی اور جامعہ پشاور 951 ویں پوزیشن پر شامل رہیں۔
جامعہ کراچی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ لاہور 1201 ویں درجے میں شامل رہیں، جبکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور 1401 ویں درجے میں شامل ہوئیں۔
سندھ سے صرف جامعہ کراچی عالمی درجہ بندی میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی، جبکہ بلوچستان کی کوئی جامعہ فہرست میں شامل نہ ہو سکی۔
دنیا کی 10 بہترین جامعات
دنیا کی بہترین جامعات میں امریکا کا میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پہلے نمبر پر رہا۔
دوسرے نمبر پر برطانیہ کا امپیریل کالج لندن اور امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی مشترکہ طور پر شامل رہیں۔
آکسفورڈ یونیورسٹی چوتھے، ہارورڈ یونیورسٹی پانچویں، کیمبرج یونیورسٹی چھٹے، کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ساتویں اور زیورخ کا وفاقی ادارہ برائے ٹیکنالوجی آٹھویں نمبر پر رہا۔
لندن کی یونیورسٹی کالج لندن اور سنگاپور کی قومی یونیورسٹی بھی دنیا کی دس بہترین جامعات میں شامل رہیں۔





















































































