محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی مشرقی اور وسطی علاقوں تک پہنچ رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 2 جولائی سے مرطوب ہواؤں کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، جس کے باعث یکم سے 6 جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق 3 اور 4 جولائی کو سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔
کراچی میں بارش کا فوری امکان نہیں
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 13 جولائی تک بارش کا کوئی واضح امکان نہیں، تاہم آئندہ تین روز کے دوران شہر میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
محکمے نے بتایا کہ کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز سمندری ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی محسوس کی جا سکتی ہے۔





















































































