ایک نئی سائنسی تحقیق کے مطابق روزانہ چند کپ کافی پینا جگر کے کینسر اور دیگر سنگین جگر کے امراض کے خطرے میں نمایاں کمی سے منسلک ہو سکتا ہے۔
طبی جریدے Clinical Gastroenterology and Hepatology میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کافی کا باقاعدہ استعمال جگر کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا، حتیٰ کہ روزانہ پانچ یا اس سے زیادہ کپ کافی پینے والے افراد میں بھی مثبت نتائج سامنے آئے۔
یہ تحقیق لاس اینجلس کے سائیڈرز سینائی میڈیکل سینٹر کے ماہرِ جگر ڈاکٹر ہیونسیوک کم کی سربراہی میں کی گئی، جس میں 3 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد کو تقریباً 10 سال تک زیرِ مشاہدہ رکھا گیا۔
تحقیق کے مطابق روزانہ پانچ کپ کافی پینے والے افراد میں:
- جگر کے سکڑنے (Liver Cirrhosis) کا خطرہ 32 فیصد کم دیکھا گیا۔
- جگر کے کینسر کا خطرہ 47 فیصد کم پایا گیا۔
- جگر کی بیماری سے موت کا خطرہ 42 فیصد کم ریکارڈ کیا گیا۔
ڈاکٹر ہیونسیوک کم کے مطابق یہ فوائد صرف کیفین کی وجہ سے نہیں بلکہ کافی میں موجود قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس کی بدولت حاصل ہوتے ہیں، کیونکہ کیفین سے پاک (Decaf) کافی پینے والوں میں بھی اسی نوعیت کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
انہوں نے بتایا کہ اینٹی آکسیڈنٹس جگر کی سوزش اور چربی میں کمی لانے میں مدد دیتے ہیں، جس کی تصدیق جدید ایم آر آئی اسکینز سے بھی ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ تحقیق کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، تاہم صرف کافی کو بیماریوں سے بچاؤ کا مکمل ذریعہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، مناسب وزن اور طبی مشورے پر عمل بھی جگر کی صحت برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔





















































































