فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
ناروے نے نیو جرسی میں کھیلے گئے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا۔
ناروے کی جانب سے دونوں گول ایرلنگ ہالینڈ نے اسکور کیے، جبکہ نیمار نے انجری ٹائم میں پنالٹی کک پر برازیل کا واحد گول کیا۔ تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
میچ کے اختتام پر نیمار جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں رو پڑے۔ بعد ازاں انہوں نے برازیلین میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے پوری کوشش کی، ان کا سفر اسی اسٹیڈیم سے شروع ہوا تھا اور اب وہیں ختم ہوگیا ہے۔
34 سالہ نیمار نے برازیل کے لیے اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ 10 اگست 2010 کو امریکا کے خلاف کھیلا تھا۔ دلچسپ طور پر ان کا پہلا اور آخری انٹرنیشنل میچ نیو جرسی کے اسی اسٹیڈیم میں ہوا۔
نیمار نے برازیل کے لیے 130 انٹرنیشنل میچز میں 80 گول اسکور کیے اور اپنے کیریئر کا اختتام ملک کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کے طور پر کیا۔ ان کے گولز کی تعداد برازیل کے لیجنڈ فٹبالر پیلے سے 3 زیادہ ہے۔




















































































