چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی فیملی کی ملاقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 37 ہفتے گزر چکے ہیں اور بانی پی ٹی آئی سے کسی کی ملاقات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقاتیں روکی جائیں گی تو نفرتیں اور تناؤ بڑھے گا۔
آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کے معاملے پر سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا اور وہاں کے حالات کو دیکھتے ہوئے الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے معاملے پر پی ٹی آئی واضح کر چکی ہے کہ پارٹی کسی ریاست مخالف بیانیے کی حمایت نہیں کرتی، تاہم عوامی مطالبات کی حمایت کرتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک کی موجودگی کی خبروں کو بھی مسترد کر دیا۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی سے ان کی فیملی نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔
بشریٰ بی بی سے ان کی بھابھی مہر النساء مانیکا اور بیٹی مبشرہ شیخ نے ملاقات کی، جو کانفرنس روم میں تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔
ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔





















































































