کپتان ہیری بروک کی صرف 35 گیندوں پر 79 رنز کی جارحانہ اور شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت کو باآسانی 9 وکٹ سے شکست دے دی۔
برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان شری یاس ایئر نے 49 گیندوں پر 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
شیوام دوبے نے 22 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور جوش ٹنگ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے مطلوبہ اسکور باآسانی 14ویں اوور میں، یعنی 37 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ جوز بٹلر 13 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد اوپنر فل سالٹ اور کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 146 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو یادگار فتح دلا دی۔
ہیری بروک نے 35 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ فل سالٹ نے 59 رنز اسکور کیے۔ اس 9 وکٹ کی فتح کے ساتھ انگلینڈ نے بھارت کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔





















































































