یورپی کمیشن نے پاکستان کو جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (GSP+) سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا ملک قرار دیا ہے۔
یورپی کمیشن کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2024 کے دوران پاکستان کی 7.5 ارب یورو مالیت کی برآمدات جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت تجارتی رعایتوں کی اہل قرار پائیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان رعایتوں کے باعث پاکستان کو 2024 میں تقریباً 732 ملین یورو کی ٹیرف بچت حاصل ہوئی۔
یورپی کمیشن کے مطابق پاکستان نے جی ایس پی پلس کے تحت دستیاب تجارتی سہولتوں سے استفادے کی شرح 95.1 فیصد تک پہنچا دی، جو نمایاں کارکردگی سمجھی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2024 میں یورپی یونین نے پاکستان کی مجموعی برآمدات کا 28 فیصد درآمد کیا۔
پاکستانی ملبوسات، ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، تیار خوراک اور دیگر برآمدی اشیا نے جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت نمایاں فائدہ حاصل کیا۔
یورپی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا کہ پاکستان نے جی ایس پی پلس سے متعلق تمام 27 بین الاقوامی کنونشنز کی توثیق برقرار رکھی ہے اور یورپی یونین کے مانیٹرنگ نظام کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھا۔























































































