ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں ممکنہ کمی اور سفارتی پیش رفت کی امید کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملوں میں وقفہ دینے کے اعلان کے بعد عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتیں 5 فیصد سے زائد گر گئیں۔
رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 5.58 ڈالر یا 5.77 فیصد کمی کے بعد 91.20 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت بھی 4.91 ڈالر یا 5.50 فیصد کم ہو کر 84.40 ڈالر فی بیرل رہ گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور ممکنہ سفارتی حل کی توقعات نے عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی سے متعلق خدشات کم کیے، جس کے باعث قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
ادھر امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں میں وقفے کا حکم دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ جمعے کو کیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں کہ حملے عارضی طور پر روکے گئے ہیں یا فریقین کے درمیان باضابطہ جنگ بندی ہو چکی ہے۔

















































































