روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق کیف میں 30 سے زیادہ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ حملوں کے بعد دارالحکومت اور اس کے نواحی علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بھی بجائے گئے۔
روسی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں جدید بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا، جنہیں یوکرین کا فضائی دفاعی نظام روکنے میں ناکام رہا۔
یوکرینی حکام کے مطابق حملوں کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے، جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
کیف کے میئر نے بتایا کہ ایک گودام مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے اور امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاں کر رہے ہیں۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے گزشتہ شب 28 تیز رفتار میزائلوں اور 115 ڈرونز سے حملے کیے، تاہم یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا کہ دفاعی نظام کسی بھی میزائل کو تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
روس کی جانب سے اس حملے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ تقریباً ساڑھے چار برس سے جاری ہے اور حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے درمیان حملوں میں شدت دیکھی گئی ہے۔





















































































