اسلام آباد: حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبات پورے کرنے اور زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے کاشتکاروں پر انکم ٹیکس عائد کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے صوبوں کے اشتراک سے زرعی انکم ٹیکس سے متعلق متبادل لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی ہے تاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ٹیکس اہداف کو پورا کیا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کو زرعی شعبے سے ٹیکس وصولی کے حوالے سے مطمئن کرنے کے لیے کاشتکاروں پر انکم ٹیکس عائد کرنے کے آپشن پر غور کررہی ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ لائحہ عمل کے تحت صوبوں کو زرعی انکم ٹیکس کی وصولی اور ٹیکس گوشواروں سے متعلق اہداف حاصل کرنے کے لیے 30 ستمبر 2026 تک کا وقت دیا جائے گا۔
اس مدت کے دوران صوبوں کی جانب سے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی اور ٹیکس گوشواروں کے اہداف پر پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد متبادل اقدامات پر مزید فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔





















































































