عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، سرمایہ کار ایران پر مزید امریکی پابندیوں سے متعلق واشنگٹن کے متوقع اعلان کی تفصیلات کے منتظر ہیں۔
پیر کی صبح ایشیائی مارکیٹوں میں کاروبار شروع ہوتے ہی خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ دیکھا گیا اور برینٹ اور امریکی خام تیل دونوں کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت ایک فیصد سے زیادہ کمی کے بعد 93.45 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت بھی ایک فیصد سے زائد گر کر 86.14 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
مارکیٹ میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سرمایہ کار ایران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے سے متعلق امریکی حکومت کے متوقع اعلان کا انتظار کررہے ہیں۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک ’’اقتصادی ڈی ڈے‘‘ آنے والا ہے، جس سے ایران کے خلاف مزید سخت اقتصادی اقدامات کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔
اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق وہ پیر کی سہ پہر پریس کانفرنس میں ایران پر عائد کی جانے والی نئی امریکی پابندیوں کا اعلان کریں گے۔
نئی پابندیوں کی نوعیت اور ایران کی تیل کی برآمدات پر ان کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی توجہ واشنگٹن کے اعلان پر مرکوز ہے۔





















































































