اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ کا اعتراض دور کردیا گیا ہے، جس کے بعد درخواست کو باقاعدہ نمبر بھی الاٹ کردیا گیا۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر عظمیٰ خان نے حکومت کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
عظمیٰ خان نے درخواست میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے عمران خان کو علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے ضروری میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس معاملے پر گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ بھی سپریم کورٹ پہنچے تھے تاکہ درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کروایا جاسکے۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عظمیٰ خان کی توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے اسے واپس کردیا تھا۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس نے اعتراض کیا تھا کہ درخواست گزار کی جانب سے فریقین پر عائد کیے گئے توہین عدالت کے الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی گئی۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کی جانب سے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرکے درخواست دوبارہ دائر کردی گئی۔
اعتراض دور ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے توہین عدالت کی درخواست کو باقاعدہ نمبر الاٹ کردیا ہے۔
عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کو 8/2026 نمبر دیا گیا ہے۔
Continue using AI Cursor? Keep it on/Turn off





















































































