اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ پارلیمنٹ اور متعلقہ صوبائی اسمبلیاں کریں گی اور دو تہائی اکثریت حاصل ہونے پر نئے صوبے بنائے جاسکتے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے آزاد کشمیر کے انتخابات اور ملک میں نئے صوبوں کے قیام سمیت مختلف سیاسی معاملات پر بات کی۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سب سے بڑا مسئلہ انتخابات کا انعقاد تھا اور وہاں انتخابات پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہوئے۔
نئے صوبوں سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ جب صوبائی اسمبلیاں اور پارلیمنٹ چاہیں گی تو دو تہائی اکثریت کے ذریعے نئے صوبوں کا قیام عمل میں آسکتا ہے۔
انہوں نے ملک میں جاری سیاسی صورتحال اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان مذاکرات سے متعلق کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف متعدد مرتبہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔
آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کا حق نواز شریف کو حاصل تھا۔






















































































