خانیوال: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک میں 15 صوبے بنانے کے حکومتی فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کا مذاق بنایا جا رہا ہے۔
خانیوال میں جے یو آئی (ف) کے رہنما علامہ اکرام القادری کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کے 2 صوبے جل رہے ہیں جبکہ حکومت نئے صوبے بنانے کی بات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کا اعتماد مکمل طور پر کھو چکی ہے اور 15 صوبے بنانے کا حکومتی فیصلہ غلط ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل فاٹا کے انضمام کا فیصلہ بھی بدترین ثابت ہوچکا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے سیاسی رابطوں کے حوالے سے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اسمبلی میں مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیں گی۔





















































































