کراچی: موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا ہے کہ کراچی میں آج بھی دن گرم رہے گا، تاہم دوپہر 12 سے ایک بجے کے بعد شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے بادل بننے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت 42 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جاسکتی ہے۔
دوپہر 12 سے ایک بجے کے بعد کراچی کے مضافاتی علاقوں میں مقامی طور پر گرج چمک کے بادل بننے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ایم نائن، ڈی ایچ اے، گڈاپ اور دنبہ گوٹھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ اسکیم 33، ملیر، گلشن حدید، گلشن معمار، پورٹ قاسم اور اسٹیل ٹاؤن میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ کراچی کے دیگر حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کے امکانات 45 سے 60 فیصد تک ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سال کے اس عرصے میں پاکستان کے جنوبی حصوں میں مون سون کا نظام عموماً کمزور ہوجاتا ہے، تاہم شدید گرمی کے باعث مقامی سطح پر گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے واضح کیا کہ کراچی میں فی الحال کسی شدید یا وسیع پیمانے پر بارش کی توقع نہیں ہے۔






















































































