بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے اور بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گوادر کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز شروع کیے۔ ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز کے ایک دستے کو دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں میجر وجاہت وحید شہید ہو گئے۔ ان کی عمر 34 سال تھی اور ان کا تعلق لاہور سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔
سکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔




















































































