موسم سرما کے لیے ایل این جی کے 18 کارگوز خریدنے کا ہدف طے کر لیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک بھر میں سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کو دستیاب مقامی گیس کی مجموعی مقدار ایک ارب 40 کروڑ مکعب فٹ ہے، جبکہ سردیوں میں صرف پنجاب کی گیس کی ضرورت ایک ارب مکعب فٹ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ موسم سرما میں ایل این جی کے 18 کارگوز خریدنے کا ہدف رکھا گیا ہے اور قطر سے کم قیمت ایل این جی درآمد کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔ اسپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی کی خریداری میں 30 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو آخری حد ہو سکتی ہے۔

















































































