فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور سرحدی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ انہیں صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردی کے خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ درجے کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے اور مسلسل چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی۔ فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، ان پر بھرپور ضرب لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی اور عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔
چیئرمین ڈیفنس فورسز نے پاکستان کے عوام، شہدا اور سکیورٹی فورسز کے غازیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔


















































































