انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا ہے کہ ان کی ڈبل سنچری کی کوئی اہمیت نہیں، کیونکہ سہ ملکی ون ڈے سیریز میں 429 رنز بنانے کے باوجود ان کی ٹیم سری لنکا کے خلاف میچ نہیں جیت سکی۔
جمعرات کو راولپنڈی میں سیریز کے تیسرے ون ڈے میں سری لنکا نے 430 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر ایک گیند باقی رہتے حاصل کر کے انگلینڈ سے فتح چھین لی۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں پر 429 رنز بنائے تھے۔
انگلش کپتان ہیری بروک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری بنائی۔ انہوں نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 114 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی اور 202 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جواب میں سری لنکا نے ایک گیند قبل 430 رنز کا ہدف حاصل کر لیا اور ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا کامیاب رن چیز مکمل کیا۔
شکست کے بعد پریس کانفرنس میں بروک نے کہا کہ وہ ہمیشہ میچ جتوانے والی اننگز کھیلنے کی بات کرتے ہیں اور ڈبل سنچری کے باوجود میچ نہ جیتنے پر خوش نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے لیے ڈبل سنچری کی کوئی اہمیت نہیں کیونکہ ٹیم کامیاب نہیں ہو سکی۔ بروک نے سری لنکا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے شاندار کرکٹ کھیلی، باؤنڈریز بھی لگائیں اور سنگلز بھی لیے۔
انگلش کپتان نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ پر تقریباً 900 رنز بنے اور ان کی نظر میں یہ بہترین پچ تھی۔ انہوں نے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے جھنڈے نظر آنے کا بھی ذکر کیا۔


















































































