عراق نے ایران پر حملوں کے لیے امریکا کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
عراقی وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم علی الزیدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ پڑوسی ممالک پر حملوں کے لیے عراق کی سرزمین کو اڈے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔
عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق جنگ کے لیے تیار نہیں اور ایران پر حملے عراق کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس سے قبل ایران نے نئے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں اپنی کارروائیوں کا دائرہ یورپ تک بڑھانے کی دھمکی دی تھی۔
ایرانی رکن پارلیمنٹ حسین علی حاجی دلیگانی نے کہا کہ مزید حملوں کی صورت میں ایران ایسے میزائل استعمال کر سکتا ہے جن کی پہنچ یورپ تک ہے۔
سابق ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر ولایتی نے کہا کہ دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ ایران خطے کا اہم ملک ہے اور اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی ممالک کو اجتماعی سلامتی یا اجتماعی عدم تحفظ میں سے ایک راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی حالات نے واضح کر دیا ہے کہ علاقائی سلامتی انفرادی معاملہ نہیں؛ سلامتی یا تو سب کے لیے ہوگی یا کسی کے لیے نہیں ہوگی۔

















































































