اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پر جاری بحث اور مشاورت رواں سال کے اختتام تک واضح شکل اختیار کرسکتی ہے، جبکہ آئندہ سال کے آغاز میں پیش رفت کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاملے کو کسی نتیجے تک پہنچانے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا، تاہم انہوں نے اس کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی۔
وزیر دفاع سے پوچھا گیا تھا کہ کیا مسلم لیگ ن اور وفاقی حکومت ریفرنڈم کرانے کے اصولی فیصلے تک پہنچ چکی ہیں، اور اس کا طریقہ کار اور ممکنہ ٹائم فریم کیا ہوگا۔ جواب میں انہوں نے کہا کہ سال کے اختتام تک مشاورت اور بحث کو حتمی شکل دی جاسکتی ہے۔
خواجہ آصف کے مطابق یہ عمل دو سے چار ماہ تک نہیں کھنچے گا، اگرچہ وقت میں چند دن آگے پیچھے ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جلد پیش رفت چاہتی ہے اور نئے سال کے آغاز میں عملی اقدامات سامنے آسکتے ہیں۔
نئے صوبوں کی بحث کے پس منظر میں جنوبی پنجاب، بہاولپور اور دیگر انتظامی اکائیوں کے مطالبات مختلف ادوار میں سامنے آتے رہے ہیں۔ اس بحث میں قومی اتفاق رائے، آئینی تقاضے اور انتظامی و مالی امور بھی زیر غور ہیں۔ وزیر دفاع کے بیان میں ریفرنڈم کی کسی مخصوص تاریخ یا مکمل طریقہ کار کا اعلان نہیں کیا گیا۔

















































































