اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے این سی سی آئی اے کی تنظیم نو اور اسے پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ حکام نے تنظیم نو کی مختلف سفارشات پیش کیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجوزہ سائبر پولیس کے لیے بہترین افرادی قوت میرٹ پر بھرتی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق سائبر جرائم کے حوالے سے قومی سلامتی کا مخصوص نظام فعال ہوچکا ہے اور موجودہ انتظام کے تحت مقدمات کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم نے شہریوں کو سائبر جرائم سے تحفظ دینے کو اہم حکومتی ترجیح قرار دیتے ہوئے روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور تنظیم نو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ادارے اور ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین میرٹ پر تعینات کرنے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دینے اور زیرالتوا مقدمات جلد نمٹانے کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کا کہا۔
محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی رواں ہفتے کے اختتام تک حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ پاکستان سائبر پولیس میں تبدیلی ابھی تجویز کے مرحلے میں ہے۔


















































































