وزیراعظم عمران خان نے ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیدیا ہے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 72 گھنٹوں میں ادویات کی قیمتوں کو پرانی سطح پر واپس لایا جائے۔
وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو رمضان المبارک میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے اور شیلٹر ہومز کی تعمیر کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی تیز کرنے اور پنجاب کے آئندہ بجٹ میں کمزور طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی بھی ہدایت کی۔
عمران خان نے کہا کہ پنجاب کا بجٹ مثالی اور عوام دوست ہونا چاہیے جب کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں رہیں۔ وزیر اعظم نے مصنوعی مہنگائی کرنے والے افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں اشیائے خورد نوش کی قیمتوں پر قابو پانے اور رمضان میں مہنگائی کی روک تھام کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔