وزیراعظم کے نئے مشیر خزانہ ڈاکٹرعبد الحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی( ای سی سی) کا پہلا اجلاس جاری ہے جس میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے پلان پیش کیا جائے گا۔
سابق وزیرخزانہ اسد عمر کے استعفے کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہے۔ اجلاس میں 18 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
مشیر خزانہ ڈاکٹرعبد الحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے ٹرانزیکشن ایڈوائزری کنسورشیم کے تقرر اور پنجاب رینجرز کے لیے ضمنی گرانٹس کی سمری پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں وزارت داخلہ کے لیے 3 کروڑ 72 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز مختص کرنے کا معاملہ زیر غور آئے گا۔
ایکسپلوزوز ڈیپارٹمنٹ کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ اور نیشنل سیونگز آرگنائزیشن کے لیے 54 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ کی سمری پیش کی جائے گی۔
آج کے اجلاس میں ایمپلائیز اولڈ ایج بینفٹس انسٹیٹیوشن( ای او بی آئی) کے رواں مالی سال کی نظرثانی شدہ بجٹ تجاویز پیش کی جائیں گی اور جنوبی وزیرستان میں خاصہ دار فورس کے لیے تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک ہزار انڈسٹریل اسٹچنگ یونٹس کے لیے ضمنی گرانٹس اور تھل ایسٹ، بھمبرا، تھل ویسٹ فیلڈز سے سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) کو گیس فراہمی کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔