خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خوارج نے مغرب کی نماز کے دوران مسجد پر حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے کیڈٹ عارف اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، اس دوران انہوں نے کئی نمازیوں کی جانیں بھی بچائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع ملکی مروت میں 25 اکتوبر کو ایک مسجد پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے نماز مغرب کے وقت حملہ کیا اور فائرنگ شروع کردی جہاں جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ بھی موجود تھے اور انہوں نے فوراً جواب دیا اور خوارج کا بہادری سے مقابلہ کیا۔
فائرنگ اور لڑائی کے دوران 19 سالہ جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ شہید ہوگئے اور مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے موجود بے گناہ شہریوں کی زندگی بچائی۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ مسجد میں نماز کی حالت میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا ایسا گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ان خوارج کے عزائم کی عکاسی کرتا ہے، ایک نوجوان کیڈٹ کا یہ عمل دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے جذبہ قربانی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا شہید کیڈیٹ عارف اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے اور پاکستان ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت تھے، شہادت کے وقت جی سی عارف اللہ چھٹیاں گزارنے اپنے گھر آئے تھے، جی سی عارف اللہ شہید نے سوگواران میں والدین، 4 بھائی اور 4 بہنیں چھوڑی ہیں، ان کے بڑے بھائی بھی پاکستان آرمی میں دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جی سی عارف اللہ شہید نے نہتے ہوتے ہوئے بھی فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کا لڑائی میں مقابلہ کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے مسجد میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے کیڈٹ عارف اللہ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے شہید کیڈٹ عارف اللہ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ مسجد پر حملے کے واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، شہید کیڈٹ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور نمازیوں کی جانیں بچائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہادر کیڈٹ عارف اللہ کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید کیڈٹ عارف اللہ کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید سیکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے.