راولپنڈی کور کمانڈرز کے شرکا کا کہنا ہے کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ ضروری تعاون فراہم کرے گی۔
آرمی چیف کی زیر صدارت دو روزہ 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، شرکا نے کہا کہ شہدا نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، ڈی آئی خان حملے کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
شرکا نے عزم کا اظہار کیا کہ دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والوں کے خلاف طاقت سے نمٹا جائے گا، تمام دہشت گردوں، سہولت کاروں کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں بالواسطہ، بلاواسطہ خطرات کیخلاف ملکی خودمختاری، سالمیت کے دفاع کیلئے پاک فوج کےعزم کااعادہ کیا جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے جبر، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرشدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور بھارتی فوج کی معصوم شہریوں کےاغوا،تشدد، قتل کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔
آرمی چیف کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی چیلنجز، بڑھتے خطرات کے جواب میں حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی، شرکا کا ٹی ٹی پی دیگر دہشت گرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
کانفرنس میں دہشت گردوں کی پڑوسی ملک سے آزادی کے ساتھ کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا، شرکا نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی گئی۔
شرکا کا کہنا تھا کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ ضروری تعاون فراہم کرے گی۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ فورم کو فارمینز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا، آری چیف نے ذہنی، جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔