انٹرنیشنل فلم انڈسٹری کے سب سے معتبر ایوارڈز کا میلہ ہالی وڈ کی رومینٹک کامیڈی ڈرامہ فلم ‘انورا’ نے لوٹ لیا، انورا نے بہترین فلم سمیت 5 آسکرز ایوارڈز اپنے نام کر لیے۔
امریکی شہر لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں ستاروں سے سجی 97ویں آسکرز کی تقریب اتوار کے روز منعقد ہوئی۔
اس برس آسکرز ایوارڈز انتہائی غیر متوقع ثابت ہوئے اور مبصرین کے لیے بہترین فلم اور بہترین اداکار و اداکارہ سمیت اہم ایوارڈز کی پیش گوئی کرنا خاصا مشکل رہا۔
آسکرز کی 23 کیٹیگریز کے لیے ہونے والے مقابلے میں فلم ‘انورا’ نے 5، ‘دی بروٹلسٹ’ نے 3 جب کہ ‘وکڈ’ ، ‘امیلیا پیرز’ اور ‘ڈیون پارٹ ٹو’ نے 2، 2 ایوارڈز اپنے نام کیے۔
رواں سال سب سے زیادہ ایوارڈ جیتنے والی فلم انورا نے بہترین فلم کے علاوہ بہترین ہدایت کار، بہترین اداکارہ، بہترین ایڈیٹنگ اور اوریجنل اسکرین پلے کی کیٹیگری میں ایوارڈز جیتے۔
فلم دی بروٹلسٹ نے تین ایوارڈز اپنے نام کیے جن میں بہترین اداکار، اوریجنل اسکور اور سنیماٹوگرافی کا ایوارڈ شامل ہے۔
فلم ‘وکڈ’ نے کاسٹیوم اور پروڈکشن ڈیزائن کے ایوارڈز اپنے نام کیے جبکہ ہسپانوی فلم ‘امیلیا پیرز’ نے بہترین معاون اداکارہ اور اوریجنل سانگ کا ایوارڈ حاصل کیا۔
اس کے علاوہ ڈیون: پارٹ ٹو کو وژول ایفکٹس اور بہترین ساؤنڈ کا ایوارڈ ملا۔
بہترین فلم کی کیٹیگری کے لیے انورا کے ساتھ ‘آ کمپلیٹ ان نون’، ‘کونکلیو’، ‘ڈیون: پارٹ ٹو’، ‘آئی ایم اسٹل ہیئر’، ‘نکل بوائز’ اور ‘دی سبسٹینس’ ریس میں تھیں تاہم آسکر ‘انورا’ کے نام رہا۔
بہترین ہدایت کار کے ایوارڈ سے فلم ‘انورا’ کے ہدایت کار شون بیکر کو نوازا گیا، اس کیٹیگری میں فلم انورا کے علاوہ ‘دی بروٹلسٹ’، ‘آ کملیٹ ان نون’، ‘امیلیا پیرز’ اور ‘دی سبسٹنس’ کے ہدایت کاروں کے درمیان مقابلہ تھا۔
بہترین اداکار کا ایوارڈ ‘دی بروٹلسٹ’ کے ایڈریئن بروڈی کو ملا، اس کیٹیگری میں ایڈریئن کے علاوہ ٹمیتھی شیلیمے، کولمین ڈومنگو، رالف فائنز اور سیبیسٹین اسٹین مدِ مقابل تھے۔
بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ‘انورا’ کی مائیکی میڈیسن کو ملا، اس کیٹیگری میں مائیکی میڈیسن کا مقابلہ کارلا سوفیا، سنتھیا اریوو، ڈیمی مور اور فرنینڈا ٹورس سے تھا۔
بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ ہسپانوی فلم ‘امیلیا پیرز ‘کی اداکارہ سوئے سلڈانیا کے نام رہا، اس کیٹیگری کے لیے ان کے ساتھ آریانا گرینڈے، مونیکا باربرو، ایزابیل روسیلینی اور فلیسیٹی جونز نامزد تھیں۔
بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ فلم ‘آ ریئل پین’ کے کیرن کلکن کو ملا، اس کیٹیگری کے آسکر کی دوڑ میں اداکار گائے پیئرس، ایڈورڈ نورٹن، جرمی اسٹرونگ اور یورا بوریسوو بھی شامل تھے۔