پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سیکرٹری تعلیم پنجاب خالد نذیر وٹو نے کہا ہے کہ موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم جون سے صوبے کے تمام اسکولز موسم گرما کی تعطیلات پر چلے جائیں گے۔ تاہم اگر درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوا اور گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، تو تعطیلات کے اس شیڈول پر نظر ثانی کرتے ہوئے انہیں مئی کے آخری ہفتے میں ہی شروع کیا جا سکتا ہے۔
سیکرٹری تعلیم نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ والدین، طلبہ اور اساتذہ کی صحت و حفاظت کے پیش نظر کیا جا رہا ہے، تاکہ شدید گرمی میں تعلیمی سرگرمیوں پر منفی اثرات نہ پڑیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرمی کی موجودہ شدت بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، اسی لیے وقت سے پہلے اسکولوں کو بند کرنے کا امکان بھی موجود ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور اگر محکمہ کی طرف سے نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے تو فوری طور پر اس پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں، اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی شدت کے دوران طلبہ کو کلاسز میں پانی پینے، دھوپ سے بچاؤ اور دیگر احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کریں۔
والدین کی جانب سے حکومت کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے کیونکہ گرمی کے باعث بچوں کی صحت کو لاحق خطرات میں کمی لانے کے لیے یہ اقدام ضروری تھا۔