بھارت کے خلائی ادارے کی جانب سے ’ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ‘ کو خلا کے مدار میں داخل کرنے کا مشن ناکام ہوگیا ہے۔
بھارتی حکام کی جانب سے مشن کی ناکامی تصدیق کردی گئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ لانچ وہیکل پرواز کے تیسرے مرحلے میں تکنیکی خرابی کے باعث مشن مکمل نہیں کرسکا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار 18 مئی کی صبح جنوبی بھارت کے سری ہری کوٹا خلائی مرکز سے پی ایس ایل وی- سی 61 راکٹ کے ذریعے ای او ایس-09 ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجا گیا، تاہم یہ مشن ناکام ہوگیا۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے سربراہ وی نارائنن نے بتایا کہ مشن کے تیسرے مرحلے کے دوران موٹر کیس کے چیمبر پریشر میں کمی واقع ہوئی، جس کے باعث مشن مکمل نہیں ہو سکا۔
واضح رہے کہ ہندوستان 1960 کی دہائی سے خلائی تحقیق میں سرگرم ہے، بھارت کی جانب سے دیگر ممالک کے لیے بھی سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گئے ہیں۔ 2014 میں بھارت ایک سیٹلائٹ کو مریخ کے مدار میں بیجھنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
اس کے بعد 2019 میں چاند پر لینڈنگ کی بھارتی کوشش ناکام ہوگئی، تاہم 2023 میں بھارت نے پہلی بار چاند کے جنوبی قطب کے قریب کامیابی سے لینڈنگ کی تھی، جسے بڑی فتح قرار دیا گیا تھا۔