بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر چھترپور میں شادی کی تقریب اُس وقت افسوسناک صورتحال اختیار کر گئی جب دولہے نے بارات لانے سے صاف انکار کر دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق 15 مئی کی شام گھر میں خوشی کا سماں تھا، موسیقی گونج رہی تھی، مہندی کی رسم جاری تھی اور دلہن نئی زندگی کے خواب آنکھوں میں سجائے بیٹھی تھی۔
تقریب میں مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی، دلہن مکمل تیار ہو کر اسٹیج پر بیٹھی اپنے دولہے کا انتظار کر رہی تھی، مگر وہ وقت پر نہ پہنچا۔
وقت گزرنے کے ساتھ ماحول میں بے چینی بڑھنے لگی۔ جب لڑکی والوں نے دولہے سے رابطہ کیا تو اس نے صاف جواب دیا کہ “ہم بارات نہیں لا رہے”۔
دلہن کو پھر بھی امید تھی، اس نے خود دولہے کو فون کیا، جس پر اس نے کہا، “میرا کام مکمل ہو گیا ہے، میں بارات نہیں لاؤں گا”۔
یہ سن کر دلہن کی آنکھوں میں آنسو آ گئے جبکہ مہمان خاموشی سے واپس جانے لگے۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ لڑکا اور لڑکی گزشتہ چھ ماہ سے دوست تھے اور دونوں کے خاندان شادی پر متفق تھے، لیکن لڑکے نے کسی وضاحت کے بغیر انکار کر دیا۔
غمزدہ دلہن نے مقامی تھانے جا کر شکایت درج کروائی، جس پر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے.