کوئٹہ: خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے طلبہ کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں شدید زخمی ہونے والا طالب علم حیدر دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ ایک اور زخمی طالبہ ملائکہ بھی اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گئی۔ یوں اس افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے، جن میں 5 طالبات اور ایک طالب علم شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گردانہ حملہ بھارت کی پشت پناہی میں کام کرنے والے عناصر کے ذریعے کیا گیا، جو بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی پھیلانے کے ایجنڈے پر سرگرم ہیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں معصوم جانوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اور اس حملے میں شہید ہونے والے بچوں کے خون کا حساب بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے ان دہشت گردوں سے ضرور لیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی ادارے حملہ آوروں کی تلاش اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں، اور قوم کو یقین دلایا گیا ہے کہ شہدا کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔