پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کی مشہور ٹی20 لیگ بگ بیش میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی ہے، سڈنی سکسرز نے بابر کو 15ویں ایڈیشن کے لیے اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے، جسے بی بی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اور اہم ترین معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔
بابر اعظم، جنہوں نے اب تک 14 ہزار سے زائد بین الاقوامی رنز اسکور کیے ہیں، گزشتہ 5 برسوں کے سب سے کامیاب وائٹ بال بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں، وہ 2022 میں آئی سی سی کے سال کے بہترین کرکٹر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں اور 2021 اور 2022 میں بہترین ون ڈے کرکٹر بھی قرار پائے تھے۔
بابر اس وقت آئی سی سی کی ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں 12ویں نمبر پر موجود ہیں اور 11 ہزار 330 ٹی20 رنز کے ساتھ ان کا اوسط 43.07 ہے، جو ٹی20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز کے ساتھ سب سے بلند اوسط ہے۔
سڈنی سکسرز کی جنرل منیجر ریچل ہینز نے بابر کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر کا تجربہ، مہارت اور پروفیشنلزم ہماری ٹیم کے لیے بے حد قیمتی ہوگا، وہ نہ صرف ایک عظیم کھلاڑی بلکہ ثابت شدہ قائد بھی ہیں۔
بابر اعظم سڈنی سکسرز کی جانب سے مکمل ٹورنامنٹ، بشمول فائنلز، میں دستیاب ہوں گے اور وہ آسٹریلیا کی اس مقبول لیگ میں اپنی شرکت پر پرجوش ہیں۔
’سڈنی سکسرز کا حصہ بننا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔ یہ دنیا کی بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں سے ایک ہے اور میں ٹیم کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
واضح رہے کہ بابر اعظم محض 9 رنز کی کمی سے روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بننے کے قریب ہیں۔
بابر کے علاوہ پاکستان کے دیگر اسٹارز جیسے شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان اور شاداب خان بھی بی بی ایل ڈرافٹ کے لیے نامزد ہو چکے ہیں، جس سے لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی بڑی موجودگی متوقع ہے۔