عالمی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔
اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت 71.81 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 73.79 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 76.14 ڈالر سے بڑھ کر 78.68 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔
بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ 16 جون 2025 سے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 4.38 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 5.02 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت 137.02 روپے سے بڑھ کر 141 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 140.92 روپے سے بڑھ کر 145.58 روپے فی لیٹر تک جا سکتی ہے۔