چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تنازع سے قبل خطہ جتنا محفوظ تھا، اب ویسا نہیں رہا۔
یورپی اخبار دی یورو آبزرور کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہو چکی ہے، لیکن امن تاحال قائم نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشیدگی کے دوران جوہری صلاحیت کا حامل میزائل پاکستان کے خلاف نصب کیا، اور اس کے جنگی عزائم میں مسلسل اضافہ ہوا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ نہایت خطرناک تھا، اور سیز فائر میں امریکا نے براہ راست کردار ادا کیا، جب کہ عالمی برادری نے جنگ بندی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ہمیشہ عالمی قوانین کی حمایت کرتی آئی ہے، اور موجودہ صورت حال میں اس کا کردار نہایت اہم ہے۔
بلاول نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور پانی کی بندش کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی روکنے کو جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔