وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور حالیہ عسکری کامیابیوں کے باعث عالمی سطح پر سفارتی میدان میں بھی پاکستان کو واضح کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ خطے کی مجموعی صورتحال سنگین ہو چکی ہے اور جارحیت پورے خطے میں پھیل چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ بھارت دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنا مؤقف صاف اور واضح انداز میں رکھا ہے کہ ہم تصادم نہیں بلکہ امن کے خواہاں ہیں، اور ہماری عسکری کامیابی نے عالمی برادری میں ہمیں سفارتی سطح پر مضبوطی فراہم کی ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان اہمیت کا حامل ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارت پر بات چیت ہو رہی ہے، اور اگرچہ امریکہ ایران کو جانتا ہے، مگر پاکستان جتنا کوئی اور نہیں جانتا۔
انہوں نے کہا کہ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان، ایران کے مسئلے پر کوئی تعمیری اور اہم کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ ایران سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، اور پاکستان اس خطے میں مثبت تبدیلی کا محرک بن سکتا ہے۔