ڈیفنس میں نوجوان پر تشدد کے معاملے میں گرفتار مرکزی ملزم سلمان فاروقی کو سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت مل گئی ہے، جبکہ عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سندھ ہائیکورٹ میں سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے فی کس ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم صادر کیا۔
سماعت کے دوران وکیل سدھیر دھیرج نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مدعی کو ملزمان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں، جبکہ سرکاری وکیل نے بھی اس مؤقف سے اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ تھانہ گذری میں درج کیا گیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ موٹر سائیکل سوار نوجوان سدھیر کو ایک کار سوار شخص نے، اُس کی بہن کی موجودگی میں، گالیاں دیتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزم نے نوجوان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی، اور ہجوم کے سامنے بےعزتی کی۔
تاہم بعد میں عدالت میں متاثرہ نوجوان نے سلمان فاروقی کو معاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی نہیں چاہتے اور عدالت جو بھی فیصلہ دے، انہیں کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے اس موقع پر دریافت کیا کہ کیا نوجوان کسی دباؤ میں تو نہیں، جس پر اس نے واضح طور پر بیان دیا کہ وہ اپنی مرضی سے ملزم کو معاف کر رہے ہیں۔