محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی جاری کی ہے۔ ادارے کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کچھ مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں آج بارش کے امکانات نہیں ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج شام سے پنجاب میں پری مون سون بارشوں کا آغاز متوقع ہے، جس کے تحت مختلف اضلاع میں آندھی، بارش اور گرد آلود جھکڑ چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ یہ سلسلہ 23 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا، جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم، ظفروال میں صبح کے وقت ہونے والی موسلا دھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارش کے امکانات موجود ہیں۔
مزید برآں، 21 سے 23 جون کے دوران جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔