وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سفارتی مشن سے وطن واپسی پر آج ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے عالمی سطح پر پاکستان کا بھرپور مقدمہ پیش کیا اور ملک کا مؤقف مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے رکھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلاول بھٹو آج کراچی پہنچیں گے، اور سندھ حکومت ان کے تاریخی استقبال کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ پاکستان کی بہترین نمائندگی کی، جس پر پارٹی کو فخر ہے۔
مراد علی شاہ نے بجٹ پر اپوزیشن کی تنقید کے حوالے سے کہا کہ تنقید کرنا ہر کسی کا حق ہے، اور انہی اعتراضات سے حکومت کو مسائل کی نشاندہی ہوتی ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ تنقید میں بدتمیزی یا غیر اخلاقی زبان کا استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے درگاہ حضرت عبداللہ شاہ غازی پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے عرس کے موقع پر زائرین کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور انتظامات کو سراہا۔