اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9 آپریشنز کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائیاں تعلیمی اداروں کے اطراف، ائیرپورٹس اور اہم شاہراہوں پر انجام دی گئیں، جن کا مقصد نوجوان نسل کو نشے کے زہر سے بچانا تھا۔
اے این ایف ہیڈ کوارٹر کے ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 26.437 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت تقریباً 42 لاکھ 49 ہزار روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں ایک یونیورسٹی کے قریب سے ملزم کے قبضے سے 500 گرام افیون، جبکہ مانسہرہ کے پنجاب چوک کے نزدیک سے 330 گرام چرس اور 13 گرام آئس برآمد کی گئی۔
اہم بات یہ ہے کہ گرفتار شدہ ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فراہم کرتے تھے۔ اس کے علاوہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 864 گرام ہیروئن اور 25 گرام کلونازپام بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے، جس پر اسے فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔
باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 95 گرام آئس بھرے کیپسول جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر کے جسم سے 360 گرام وزنی 50 آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔
ادھر پشاور کی رنگ روڈ پر واقع ایک کورئیر آفس سے فیصل آباد بھیجے جانے والے پارسلز سے 2.4 کلو چرس، آر سی ڈی روڈ حب سے ایک مسافر کے بیگ سے 7.2 کلو چرس، اور سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب 8.4 کلو چرس اور 5 کلو آئس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔