پاک بھارت کشیدگی کے ماحول میں پابندیوں اور بائیکاٹ کی دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر بھارتی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ نے ہانیہ عامر کی شمولیت کے ساتھ اپنی اپکمنگ فلم ‘سردار جی 3’ کا ٹیزر جاری کر کے تہلکہ مچادیا۔
پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی ‘سردار جی 3’ میں شمولیت کے حوالے سے کافی عرصے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں، تاہم اس بارے میں باضابطہ طور پر کچھ بھی اب تک سامنے نہیں آیا تھا۔
یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب دلجیت دوسانجھ نے اپنے لندن کنسرٹ میں ہانیہ عامر کو اسٹیج پر مدعو کیا جس کے بعد دونوں کے مداحوں میں ان کے ایک ساتھ کام کرنے کی امید بڑھ گئی تھی اور کچھ میڈیا رپورٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ ہانیہ عامر دلجیت کی فلم سے اپنا بھارتی ڈیبیو کر رہی ہیں۔
تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی کشیدگی میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ہانیہ کو فلم سے نکال دیا گیا ہے۔
اس بات کو اس وقت تقویت ملی جب دلجیت دوسانجھ نے حال ہی میں فلم کے حوالے سے اپنا پہلا پوسٹر مداحوں سے شیئر کیا تو اس میں ہانیہ عامر کہیں نہیں تھیں۔
دلجیت کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری کی گئی ان تصاویر میں پنجابی سپر اسٹار نیرو باجوہ نمایاں تھیں تاہم مداحوں کی عقابی نظروں نے بیک گراؤنڈ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو بھی ڈھونڈ لیا تھا البتہ ہانیہ اور دلجیت دوسانجھ دونوں ہی نے اس معاملے پر مکمل چپ سادے رکھی۔
اب جب 22 جون کی رات دلجیت دوسانجھ نے اپنی فلم سردارجی 3کا آفیشل ٹریلر مداحوں کیلئے جاری کیا تو یہ ان کے مداحوں کے لیے سرپرائز ثابت ہوا۔
فلم کے ٹیزر اور دیگر پوسٹ میں پنجابی سپر اسٹار نیرو باجوہ بھی اپنی دلکشی سے اسکرین پر جادو چلاتی نظر آئیں تاہم ٹریلر میں پاکستانی فنکاروں کی بھارت میں پابندی کےباوجود اداکارہ ہانیہ عامر کے جلوے نے نیرو کی دلکشی کو مانند کردیا۔
فلم سردارجی 3 کے ٹریلر میں ہانیہ عامر کی موجودگی نے دونوں ممالک کے مداحوں کے اوسان خطا کردیے جو ہانیہ کو فریم میں دیکھ کر ہکا بکا رہ گئے۔
بھارتی میڈیا پر اداکارہ ہانیہ عامر کے متعلق چلنے والی قیاس آرائیوں پر دلجیت دوسانجھ نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی تھی لیکن اب سردارجی 3 کا ٹریلر جاری کرکے تمام سوالوں کا جواب دیدیا۔
بات کی جائے سردار جی 3کے ٹریلر کی تو فلم کا ٹریلر دلجیت اور نیرو کی کھٹی میٹھی باتوں سے ہوتا ہے لیکن ایک دم فریم میں اداکارہ ہانیہ عامر کی انٹری ہوتی ہے جس کے بعد مداحوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہتا۔
ٹریلر میں اداکارہ ہانیہ عامر بڑی خوبصورتی سے پنجابی میں ڈائیلاگ بول رہی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ دلجیت کے ساتھ ان کے رومانوی سین اور خاص طور پر ساڑھی میں فلمائے گئے مناظر نے مداحوں کو ٹھنڈی آہیں بھرنے پر مجبور کردیا۔
دلجیت دوسانجھ نے فلم کا ٹریلر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا جس کے بعد اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی فلم کا ٹریلر اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے دلجیت کے ہی ڈائیلاگ کو ٹویک کرتے ہوئے لکھا کہ ‘پنڈی بوائے آگئے اوئے‘۔
فلم کے آفیشل ٹریلر کے کمنٹ سیکشن میں صارفین کی جانب سے کیے جانے والے تبصروں میں ہانیہ عامر کی موجودگی پر بے پناہ خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
تاہم اہم بات یہ ہے کہ گلوکار نے اعلان کیا ہے کہ فلم سردار جی 3بھارت کے بجائے اوور سیز ریلیز کی جائے گی مگر اب دیکھنا یہ ہے کہ فلم میں ہانیہ عامر کی موجودگی دلجیت دوسانجھ کیلئے کونسی نئی مشکلات لاتی ہے۔
یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ بھارت نے اپنے پلیٹ فارمز پر پاکستانی فنکاروں اور کانٹینٹ پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔
مزید برآں فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز کے صدر، بی این تیواری نے دلجیت دوسانجھ کے ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے پر انہیں انڈسٹری سے نکالنے کی بھی دھمکی دی تھی۔