پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات کی بہن، افشین حیات، بھی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے سرگرم ہو چکی ہیں۔ حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں افشین حیات نے انکشاف کیا کہ وہ کافی عرصے سے میوزک انڈسٹری سے وابستہ ہیں، تاہم اداکاری کے میدان میں اب باقاعدہ قدم رکھ چکی ہیں۔
افشین حیات نے بتایا کہ انہوں نے کچھ ڈراموں میں سپورٹنگ کرداروں سے آغاز کیا، لیکن حالیہ ڈرامہ ڈائن میں منفی کردار ادا کرنے کے بعد ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ڈرامے نے انہیں اپنی پرفارمنس دکھانے کا موقع فراہم کیا، اور اب وہ باقاعدگی سے اسکرین پر آنے کی کوشش کریں گی تاکہ اپنے فن کو مزید نکھار سکیں۔
افشین نے مزید بتایا کہ وہ طویل عرصے سے تھیٹر سے وابستہ ہیں اور اداکار و ہدایت کار یاسر حسین کے ساتھ بھی اسٹیج پر کام کر چکی ہیں، جس نے ان کے فن میں پختگی پیدا کی۔ ان کا ماننا ہے کہ تھیٹر نے ان کی اداکاری کی بنیاد مضبوط کی اور اب وہ ٹی وی ڈراموں میں اسی تجربے سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جس ڈرامے ڈائن میں افشین اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں، اسی ڈرامے میں ان کی بہن مہوش حیات بھی مرکزی کردار نبھا رہی ہیں، لیکن بہت سے ناظرین اس حقیقت سے لاعلم ہیں کہ یہ دونوں بہنیں ایک ہی پراجیکٹ میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔