مریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کی ناکام محبت کی داستان ابھی ذہنوں سے محو نہیں ہوئی تھی کہ اب نارتھ افریقہ کے ملک تیونس سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ سندا ایاری کی کراچی میں ختم ہونے والی محبت کی نئی اور افسوسناک کہانی سامنے آ گئی ہے۔
سندا ایاری نے کراچی کے وومن تھانے میں پناہ کی درخواست دیتے ہوئے اپنی داستان سنائی، جس کے مطابق اس کی سوشل میڈیا پر لیاری کے علاقے نیا آباد، کھڈا مارکیٹ کے رہائشی محمد عامر سے دوستی ہوئی، اور دونوں نے شدید جذباتی وابستگی کے بعد شادی کا فیصلہ کیا۔ سندا نے پاکستانی ویزا حاصل کیا اور 28 نومبر 2024 کو کراچی پہنچی، جہاں عامر اور اس کے اہلِ خانہ نے اسے ایئرپورٹ سے خوش آمدید کہا۔
کراچی پہنچنے کے اگلے ہی دن عامر کے گھر والوں نے ایک سادہ تقریب میں دونوں کی شادی کروا دی۔ بعدازاں نکاح نامہ 6 مارچ کو لیاری کی یونین کونسل بغدادی میں باقاعدہ رجسٹرڈ کیا گیا۔ سندا کے مطابق شادی کے ابتدائی دنوں میں دونوں خوشی سے زندگی گزار رہے تھے، مگر وقت کے ساتھ چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑے شروع ہو گئے، جو بالآخر طلاق پر منتج ہوئے۔
طلاق کے بعد اب سندا اپنے وطن واپس جانا چاہتی ہے، مگر مسائل نے اس کی راہ روک رکھی ہے۔ ایف آئی اے ریکارڈ کے مطابق سندا کا پاکستان کا ویزا 18 فروری کو ہی ختم ہو چکا ہے اور وہ ویزا کی تجدید یا ایگزٹ پرمٹ کے بغیر واپس نہیں جا سکتی۔ مزید برآں، ویزے کی تجدید کے لیے 400 امریکی ڈالرز اور وطن واپسی کے لیے سوا دو لاکھ روپے سے زائد کے ہوائی ٹکٹ کا بندوبست کرنا اس کے لیے مالی بوجھ بن چکا ہے۔
سندا کی اس دلخراش کہانی نے ایک بار پھر غیر ملکی خواتین کی سوشل میڈیا پر ہونے والی شادیوں اور بعدازاں پیش آنے والے مسائل کی سنجیدگی کو اجاگر کر دیا ہے۔