بنوں میں پولیس سے جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے، دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ آپریشن کیا گیا تھا جس میں دہشتگرد مارے گئے۔
ضلع بنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ تبادلہ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کو تھانہ میریان کی حدود میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر پولیس نے سی ٹی ڈی کے ہمراہ کارروائی کی ۔
پولیس کے چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے گرفتاری دینے کی بجائے فائرنگ شروع کردی، اس پر پولیس نے پوزیشن سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں تین دہشت گرد مدثر عرف مدثری سکنہ ممبتی براکز بنوں، تراب عرف عمر خطاب عرف ملنگ ولد رقیاز ساکن خدری مامند خیل بنوں اور محمد حسین عرف معاذ ولد شاد آیاز سکنہ مامش خیل بنوں موقع پر ہلاک ہو گئے۔
پولیس نے دہشت گردوں کے قبضہ سے بھاری ہتھیار قبضہ میں لے لئے ہیں، مارے گئے دہشت گرد بنوں میں پولیس اہلکاروں فرمان علی، نصرت، کامران، فیاض الدین، سکندر اور اصغر خان کی ٹارگٹ کلنگ سمیت تھانہ بسیا خیل ، تھانہ سٹی کینٹ، میراخیل اور مختلف پولیس چیک پوسٹوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
یاد ر ہے کہ بنوں میں پولیس سے جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، ان کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد پولیس کنسٹیبلان فرمان علی، نصرت، کامران، فیاض الدین، سکندر اور اے ایس آئی اصغر خان کے قتل میں ملوث تھے، اور اس سمیت ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ سی ٹی ڈی کو دیگر درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔