برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس نے یوکرین کے دفاع کے لیے مضبوط اور متحد عالمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ویسا ہی اتحاد درکار ہے جیسا نائن الیون کے بعد دنیا نے دکھایا تھا۔
امریکی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ چارلس نے کہا کہ یورپ اور امریکا کے درمیان شراکت داری آج پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکی ہے، اور جمہوری ممالک کو اپنے عوام کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ عالمی امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے وائٹ ہاؤس پریس ڈنر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کا تشدد کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، اور اس طرح کے اقدامات جمہوری اقدار کو کمزور نہیں کر سکتے۔
شاہ چارلس کا کہنا تھا کہ یوکرین کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی ضرورت ہے، کیونکہ یہ جنگ نہ صرف یوکرین بلکہ نیٹو کے عزم کا بھی امتحان لے رہی ہے، اس لیے مغربی اتحاد کا برقرار رہنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین میں ایک حقیقی، منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے عالمی سطح پر مسلسل تعاون اور یکجہتی ناگزیر ہے، تاکہ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
























































































