پولینڈ کی فضائی حدود میں ایک روسی میزائل کے داخل ہونے اور دھماکے کے بعد نیٹو نے اپنے جنگی طیاروں کو فوری طور پر الرٹ کر دیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعرات کی صبح پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہونے والا میزائل روس کی جانب سے یوکرین پر کیے گئے رات بھر کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کا حصہ تھا۔
رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں بچوں سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوئے۔
نیٹو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ میزائل کی نشاندہی کے فوراً بعد پولینڈ اور دیگر اتحادی ممالک نے ایف 16 جنگی طیاروں، فضائی ایندھن فراہم کرنے والے طیاروں اور فضائی نگرانی کے لیے ابتدائی انتباہی طیاروں کو متحرک کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ نیٹو اپنے رکن ممالک کے دفاع اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
پولینڈ کے حکام کے مطابق مشرقی علاقے تارناوا کولونیا میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں زمین میں ایک بڑا گڑھا بن گیا، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس واقعے کے بعد روس اور نیٹو کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جبکہ یورپی ممالک کو یہ اندیشہ بھی لاحق ہے کہ یوکرین کی جنگ خطے کے دیگر حصوں تک پھیل سکتی ہے۔
روس کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔




















































































