وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جو 8 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دورے میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، علاقائی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق علاقائی امن و استحکام اور مشترکہ حکمت عملی سے متعلق معاملات بھی ملاقاتوں کا اہم حصہ ہوں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع، معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔





















































































