کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لیے شہر میں بے امنی پھیلانا افسوسناک ہے۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ احتجاج کے نام پر شہر کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، احتجاج کی آڑ میں خوف و ہراس پھیلانا قانون کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو احتجاج کا حق حاصل ہے تاہم شرپسند عناصر کو عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا جبکہ آگ لگانے، سڑکیں بند کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔





















































































