کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ بھاگ شہر میں پولیس نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی پناہ گاہ کی نشاندہی اور نگرانی کے بعد بروقت کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 12 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز بھی برآمد ہوئیں جنہیں موقع پر تباہ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ عزم استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے بتایا کہ بھاگ شہر میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا اور پولیس کی مزاحمت کے بعد حملہ آور پسپا ہوگئے۔
شاہد رند کے مطابق تقریباً 40 دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں، راکٹوں اور دستی بموں سے پولیس اسٹیشن، بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس پر حملہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد پولیس اسٹیشن بھاگ پر قبضہ کرنے اور اسلحہ چھیننے میں ناکام رہے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئے۔
معاون وزیراعلیٰ کے مطابق حملہ آور بینک سے نقدی لوٹنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ نے بینک میں نصب کی گئی آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا۔





















































































