اسلام آباد: پاکستان نے نارووال کے علاقے اڈہ سراج میں ہندو مندر توڑنے سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا اور سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق اڈہ سراج میں واقع ہندو مندر کی عمارت 21 جولائی کو شدید بارشوں کے باعث متاثر ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ نارووال کے مقامی حکام نے مندر کی عمارت کو بارش سے پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا ہے جبکہ اس کی بحالی کے لیے اقدامات بھی شروع کردیے گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مندر سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے دعوے جھوٹے اور سیاسی مقاصد پر مبنی ہیں، بھارت حقائق کو مسخ کرنے اور سستی چالوں کا سہارا لے رہا ہے۔
سجاد حیدر خان کا کہنا تھا کہ حقائق مسخ کرنے سے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے مبینہ مظالم سے توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں پر حملوں کا انتہائی خراب ریکارڈ ہے جبکہ دنیا ہندوتوا نظریے کو اقلیتوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جانے سے آگاہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قیادت کو مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں کے خلاف مظالم پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔





















































































