صوابی: تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے (ٹی-5) کے تعمیراتی مقام پر پیر کو چٹان کا ایک حصہ گرنے سے زیر تعمیر پاور ہاؤس اور سرنگ میں پانی داخل ہوگیا۔ واپڈا کے مطابق کوئی کارکن زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد ہنگامی صورتحال نافذ کرکے تعمیراتی کام روک دیا گیا اور تمام کارکنوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
واپڈا کے مطابق کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ منہدم ہوا، جس کے باعث انٹیک پٹ سے پانی زیر تعمیر پاور ہاؤس اور سرنگ میں داخل ہوا۔ اعلیٰ حکام، منصوبے کے انجینئر اور ٹھیکیدار صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے تاکہ منصوبے کو درپیش ممکنہ مسائل سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔
واپڈا نے ٹی-5 کی سرنگ منہدم ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی سرنگ، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ضلعی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ڈیم کے زیریں علاقوں میں فی الحال سیلاب یا پانی جمع ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔ ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان کے مطابق ناگزیر وجوہات کے باعث ڈیم سے اضافی پانی چھوڑا گیا ہے، جس سے دریائے سندھ کے بہاؤ اور سطح آب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
واپڈا کے مطابق انٹیک پٹ سے پانی کا اخراج مکمل طور پر روک دیا گیا ہے اور اب تعمیراتی مقامات میں مزید پانی داخل نہیں ہو رہا۔ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے بتایا کہ حکام سرنگ، پاور ہاؤس اور دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔


















































































